نئی دہلی،13/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) انٹرپول نے دو ارب ڈالر کے پی این بی گھوٹالہ معاملے میں اہم ملزم نیرومودی کے بھائی نیہل مودی کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس (آر سی این) جاری کیا ہے۔حکام نے جمعہ کو بتایا کہ منی لانڈرنگ کے الزامات پر بلیجم کے شہری نیہل کے خلاف عالمی گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات ای ڈی کر رہا ہے۔آر سی این کے مطابق نیہل دیپک مودی کی پیدائش بلجیم کے اینٹورپ میں ہوئی اور وہ انگریزی، گجراتی اور ہندی زبان جانتا ہے۔ای ڈی نے اس معاملے میں دائر کئے گئے چارج شیٹ میں نیہل کو نامزد کیا ہے اور اس پر ثبوتوں کو مسخ کرنے کا الزام ہے۔نیرو مودی اور ان کے چچا میہل چوکسی پر ہندوستان کے سب سے بڑے بینک فراڈ ہونے کا الزام ہے۔یہ بینک فراڈ گزشتہ سال سامنے آیاتھا۔ الزام ہے کہ اس گھوٹالے میں پنجاب نیشنل بینک سے تقریباً14,000کروڑ روپے کی ٹھگی کی گئی۔